ریسکیو1122 ہر قسم کی قدرتی آفات اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے ہر دم تیار رہتا ہے،کمال شاہ

مردان: 8 اکتوبر 2005 کے قیامت خیز زلزلے کی تباہ کاریوں اور جانی و مالی نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے خیبرپختونخوا ریسکیو1122 کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خطیر احمد کی جانب سے صوبے بھر میں آگاہی تقاریب منعقد کرنے کے احکامات پر اس دن کی مناسبت سے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کمال شاہ کی سربراہی میں ریسکیو1122 کی جانب سے آگاہی تقریب کا اہتمام کیا گیا. قدرتی آفات کو روکا نہیں جاسکتا لیکن اس سے ہونے والے نقصانات میں بروقت امدادی کاروائی کر کے ان نقصانات کو کافی حد تک کم کیا جاسکتا ہے اسی وجہ سے ملک کے دیگر حصوں کی طرح صوبہ خیبر پختونخوا میں بھی ریسکیو1122 کا قیام عمل میں لایا گیا. ریسکیو 1122 کی جانب سے عبدالولی خان یونیورسٹی مردان کے طلباء و طالبات کیلئے پروگرام منعقد کیا گیا جس میں ان کو آفات سے آگاہی فراہم کی گئی اور مختلف قسم کے آفات سے ممکنہ خطرات اور نقصان سے خود اور آس پاس کے لوگوں کو بچانے کا طریقہ کار بتایا گیا جبکہ 8 اکتوبر 2005 زلزلے کے شہداء کیلئے فاتحہ حوانی بھی کی گئی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر کمال شاہ نے بتایا کہ ریسکیو1122 فرسٹ ریسپانڈر کے طور پر کام کرتا ہے اور ہر قسم کی قدرتی آفات اور ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے ہر دم تیار رہتا ہے۔کمال شاہ نے بتایا کہ ریسکیو 1122مخلتف کالجز، سکولز، یونیورسٹیوں اور لوکل کمیونٹی کو بنیادی زندگی بچانے، ابتدائی طبی امداد، آگ اور دیگر حادثات سے بچاؤ کی تربیت بھی فراہم کر رہا ہے اور یہ لوگ تربیت حاصل کرنے بعد آفات اور حادثات پیش آنے پر اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو1122 اور دیگر امدادی اداروں کے موقع پر پہنچنے تک اور ان کے ساتھ مل کر امدادی کارروائیوں میں حصہ لے کر جانی و مالی نقصان کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں.