چارسدہ میں ڈھائی سالہ بچی کی قتل،جسٹس فار زینب ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا

چارسدہ : چارسدہ میں ڈھائی سالہ بچی کو زیادتی کے بعد بے رحمی سے قتل ۔جسٹس فار زینب ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گیا ہے اور صارفین کی طرف سے سوشل میڈیا پر زینب کے قاتلوں کو گرفتار کر کے سخت سے سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔چارسدہ میں قتل ہونے والی بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ تابوت میں بیٹی کا صرف چہرہ دیکھا۔ بیٹی کے لیے چاول بنا رہی تھی،کھانے کے لیے بلانے گئی تو وہ غائب تھی،بیٹی بہت خوبصورت تھی،ظلم ڈھانے والوں سے اللہ بدلہ لے گا۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں ایک اور زینب درندگی کا نشانہ بن گئی،ڈھائی سالہ زینب کو ظلم اور بربریت کا نشانہ بنا دیا گیا۔چارسدہ کی ڈھائی سال کی بچی کو زیادتی کے بعد بے رحمی سے قتل کردیا گیا۔وزیراعلیٰ کے پی کے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔اس حوالے سے ایک تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔تاہم تاحال ملزمان کی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔پورا علاقہ اس واقعے پر سراپا احتجاج ہے۔ اور لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔