مردان میں ضلع مہمند کے پولیس جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت مکمل

مردان:مردان میں ضلع مہمند کے پولیس جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت مکمل ہونے پر تقریب کا انعقاد۔ضلعی پولیس سربراہ ڈاکٹر زاہد اللہ کا منعقدہ تقریب میں شرکت جوانوں کو تربیت مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔تفصیلات کے مطابق ضلع مہمند کے سابقہ لیویز اہلکاروں کی پولیس ٹریننگ کورس مکمل ہونے پر پولیس لائن میں تقریب کا انعقاد کیا گیا،ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ نے تقریب میں شرکت کی اس موقع پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر گل شید خان سمیت ٹریننگ سٹاف اوردیگر پولیس افسران بھی موجود تھے، ڈی پی او مردان نے تربیت مکمل کرنے والے جوانوں میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی، پولیس لائن مردان میں تربیتی پروگرام میں ضلع مہمند کے 30 پولیس جوان شامل رہے۔ڈی پی او ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا کہ دو مہینے کے عرصے پر محیط تربیتی سیشن میں پولیس جوانوں کو نظم وضبط، بنیادی فرائض منصبی اور خدمت عامہ کے عوامل سے روشناس کرایاگیا۔تربیتی پروگرام میں پولیس جوانوں کی جسمانی اور ذہنی نشوونما کیلئے ڈرل اور لاء کے خصوصی کلاسز کا انعقاد کیاگیا تھا۔انہیں روزمرہ کے فیلڈ ورک کے متعلق عملی تجربات سے استفادہ کرنے کے لئے بہترین اور مؤثر مواقع فراہم کئے گئے. موجودہ تربیت سے پولیس جوانوں کے استعداد کار میں مزید نکھار آئے گا۔تربیت مکمل کرنے والے جوانوں کو موجودہ حالات اور اس سے نمٹنے کے بارے میں آگاہ کرنا ضروری تھا۔ پولیس عملی زندگی میں اپنی تمام تر توانائیاں عوامی خدمت پر صرف کرکے عوام کا اعتماد بحال کریں اور اپنے پیشہ ورانہ طرز عمل اور حسن اخلاق کی بدولت پولیس فورس کے وقار کو مزید بلندی پر لیکر جائینگے۔