کوہاٹ میں پولیس اور پاک فوج کے مشترکہ دستوں کا فلیگ مارچ

پشاور : کوہاٹ شہر میں امان وامان برقرار رکھنے کیلئے پولیس اور پاک فوج کے مشترکہ دستوں نے فلیگ مارچ کیا ۔گزشتہ روز مشترکہ فلیگ مارچ کی قیادت ایس پی آپریشنز کوہاٹ طاہر اقبال اور ڈی ایس پی صدر صنوبر شاہ کررہے تھے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کی خصوصی ہدایت پرشہرمیں سیکیورٹی کو فول پروف بنانے اور فورس کو آشکارہ کرنے کیلئے ضلع بھر کی شاہراہوں پرمشترکہ فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا جسمیں ٹریفک وارڈنز کی موبائل و رائیڈرز اور کیو آر ایف سکواڈکے علاوہ بھاری مشین گنوں سے لیس پولیس و ایلیٹ فورس اور پاک فوج کی گاڑیوں نے بھر پور حصہ لیا۔فلیگ مارچ شہر کے وسط میں واقع کچہری چوک سے شروع ہوکرفورٹ روڈ اور کوہاٹ ہنگو ٹل پاڑا چنار شاہراہ سے ہوتا ہوا شہداء چوک پر اختتام پذیر ہوا۔اسی طرح نگرانی کے عمل کو منظم ومئوثر بنانے کیلئے مربوط انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید وسعت دیکر متحرک کردیا گیا ہے اور شہر کی شاہراہوں پر فلیگ مارچ کا تسلسل جاری رکھتے ہوئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ادھرشہر میں سیکیورٹی کے ٹھوس اقدامات اٹھاتے ہوئے ایلیٹ فورس کے خصوصی کمانڈوز دستے بھی حفاظتی امور پر مامور کئے گئے ہیں جبکہ شہر بھر میں بالعموم اور حساس مقامات کے اطراف میں باالخصوص سیکیورٹی ہائی الرٹ کرکے پولیس فورس کی مسلسل چوبیس گھنٹے موبائل ،رائیڈر اور پیادہ گشت میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مئوثر طور پر نمٹنے کیلئے پولیس کو ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے اضافی ریزرو دستوں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیںجبکہ انٹی روئیٹ اور ریپڈ رسپانس سکواڈز کو بھی متحرک کرکے حفاظتی حصار کو فول پروف بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔