بھارتی فوج نے کشمیریوں‌ کا مقدمہ لڑنے والے قانون دان‌ بابر قادری کو شہید کردیا

سری نگر: بھارتی فوج نے مقبوضہ کشمیر کے نامور اور کشمیریوں کا مقدمہ لڑنے والے قانون دان بابر قادری کو شہید کردیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج اور ایجنسیوں نے مقبوضہ کشمیر کے نامور قانون دان بابر قادری کو شہید کردیا ہے۔حریت رہنما عبدالحمید لون کا کہنا ہے کہ ایڈووکیٹ بابر قادری کو سری نگر میں بھارتی ایجنسیوں نے گولی مارکر شہید کردیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بابر قادری بھارتی جیلوں میں قید کشمیری رہنماوں اور نوجوانوں کی رہائی کے لیے اپنی خدمات میں پیش پیش تھے، اس سے پہلے بھارتی قابض افواج اور ان کی ایجنسیوں نے شجاعت بخاری کو بھی شہید کیا تھا اور الزام علیحدگی پسندوں پر ڈال دیا تھا، بھارت ایک منظم سازش کے تحت کشمیری نوجوانوں کا قتل عام کررہا ہے۔حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت آبادیاتی تناسب کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ زمینی حقائق کو بھی تبدیل کررہا ہے۔