پشاور بی آر ٹی بسوں میں تکنیکی خرابی دور کرکے جلد فعال کریں گے ، کامران بنگش

پشاور: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا کامران بنگش نے بتایا ہے کہ پشاور کی بی آر ٹی بسوں میں آگ لگنے کی تحقیقاتی رپورٹ جاری کریں گے اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی بھی ہوگی ۔ چینی کمپنی کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ بس میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگی تھی ، تاہم بی آرٹی بس میں خرابی سے حکومتی ساکھ کو نقصان پہنچا ، بی آر ٹی بسوں میں خرابی تکنیکی ہویا کمپنی کی طرف سے لاپرواہی کی گئی ہو ، اس پر کارروائی ضرور کریں گے ، کیوں کہ کہ بی آرٹی بسوں میں خرابی سے معاشی نقصان بھی ہوا ہے ، بسوں میں خرابی دور کرکے جلد فعال کریں گے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ ایک ماہ کے دوران بسوں میں آگ لگنے کے 4 واقعات سامنے آنے کے بعد بی آر ٹی بس سروس کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ، بی آر ٹی بس سروس معطل ہونے سے روزانہ سفر کرنے والے افراد کی مشکلات بڑھ گئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کے ماہرین پشاور پہنچ کر گاڑیوں کا جائزہ لے رہے ہیں ، بسوں کی باقاعدہ جانچ پڑتال کے بعد ہی سروس بحال کی جائے گی ، آگ لگنے کے واقعات کے بعد چینی ماہرین نے انسپکشن شروع کردی ہے ، جس کیلئے بی آرٹی کی تمام بسوں کو ازسرنو چیک کیا جارہاہے ، تکنیکی اعتبارسے کلیئرنس کے بعد سروس بحال کردی جائے گی ۔