کوہاٹ ڈویژن کو رواں سال رائلٹی کے 3 ارب روپے ملیں گے، تیمور جھگڑا

پشاو: خیبرپختونخوا کے کوہاٹ ڈویژن کو تیل اور گیس کی مد میں رواں سال 3 ارب روپے کی رائلٹی ملے گی۔ جنوبی اضلاع قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں اور ان وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال میں لا کر نہ صرف صوبے بلکہ ملک کو دیرپا ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا اور وزیر مملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے پشاور میں کوہاٹ ڈویژن کی رائلٹی سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایم این اے شاہد خٹک، وزیرِ اعلیٰ کے معاون خصوصی ظہور شاکر،کوہاٹ، کرک اور ہنگو کے حکومتی اور اپوزیشن ممبران اسمبلی سمیت دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔اس موقع پر صوبائی وزیر تیمور جھگڑا نے کہا کہ کوہاٹ ڈویژن کو رواں مالی سال رائلٹی کے 3 ارب روپے ملیں گے۔ آئل اینڈ گیس کی مد میں رائلٹی کے بقایاجات بھی جلد ریلیز کر دیئے جائیں گے۔وزیرِ مملکت شہریار آفریدی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ جنوبی اضلاع قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں۔ ان وسائل کو بروئے کار لا کر دیرپا ترقی کی منازل طے کی جا سکتی ہیں۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے کورونا وباء کے دوران بہترین انتظامات کیے۔ محکمہ صحت نے تیمور جھگڑا کی سربراہی میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔