مالاکنڈ ڈویژن کیلئے ہائی الرٹ جاری ، دریائے سوات میں پانی کے بہاو میں تشویش ناک حد تک اضافہ

سوات : مالاکنڈ ڈویژن کیلئے ہائی الرٹ جاری، تمام ہوٹلوں کو ہنگامی طور پر بند کر دیا گیا، ملک بھر کے سیاحوں کو علاقے سے نکال دیا گیا اور واپس نہ آنے کی ہدایت ، دریائے سوات میں پانی کے بہاو میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے مختلف اضلاع، خاص کر مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع میں 3 روز سے جاری مسلسل بارش نے تباہ کن صورتحال پیدا کر دی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مسلسل 3 روز کی بارش کی وجہ سے دریائے سوات میں پانی کے بہاو میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔ دریائے سوات اس وقت بپھر چکا ہے اور ریجن میں سیلاب آنے کا خدشہ ہے۔ اس تمام صورتحال میں پورے مالاکنڈ ڈویژن کیلئے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ ہائی الرٹ جاری کرنے کے بعد ہنگامی طور پر ریجن کے تمام ہوٹلوں کو سیاحوں سے خالی کرا کر بند کردیا گیا ہے۔جبکہ پورے ریجن میں موجود سیاحوں کو علاقے سے نکال کر واپس نہ آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے باوجود اطلاعات ہیں کہ سیاحوں کی کچھ تعداد رابطہ سڑکوں کے بہہ جانے سے علاقے میں پھنسی ہوئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ تباہ کن بارشوں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے سوات بشام روڈ کا کچھ حصہ سیلابی پانی میں بہہ گیا ہے جس کے بعد انتظامیہ نے دریا کے کنارے آبادیاں خالی کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔اس کے علاوہ شانگلہ اوربونیر رابطہ پل بھی سیلاب کی نذر ہوگیا۔ محکمہ موسمیات نے بھی پیشن گوئی کی ہے کہ مالاکنڈ ریجن اور خیبرپختونخواہ کے دیگر علاقوں میں کل سے بارش کا ایک نیا سلسلہ شروع ہوگا۔ جبکہ صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام تر ہنگامی اقدامات کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے اور پی ڈی ایم اے بھی متحرک ہے۔