سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی وائٹ ہاؤس کے سینئر مشیر سے ملاقات

واشنگٹن: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی وائٹ ہاؤس کے سینیئر مشیر سے ملاقات۔ امن کے حصول کے لیے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی ضرورت پر تبادلہ خیال۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اورداماد جیریڈ کشنر اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں فلسطین کے مسئلے پر ضروری گفتگو ہوئی۔سعودی گزٹ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان اور جیریڈ کشنر کے درمیان ملاقات میں خطے میں امن کی بحالی کے لیے فلسطینی اور اسرائیلی حکام کے درمیان دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔ یہ خبر اس وقت سامنے آئی ہے جبکہ اس سے قبل امریکی صدر کے مشیر اورداماد جیریڈ کشنر نے دعویٰ کیا تھا کہ تمام 22 عرب ریاستیں اسرائیل کو بہت جلد تسلیم کرلیں گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے باقاعدہ اعلان بہت جلد متوقع ہے۔ متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بعد سے ہی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ شاید دوسرے اسلامی اور خاص طور پر خلیجی ممالک بھی اسرائیل کو بہت جلد تسلیم کرلیں گے۔ اسی سلسلے میں جہاں امریکی صدر نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب اور ایران بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے، وہیں ڈونلڈ ٹرمپ کےمشیر اورداماد جیریڈ کشنر کئی بار دعویٰ کرچکے ہیں کہ آنے والے دنوں میں متعدد اسلامی ممالک اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے۔