جنوبی اضلاع کی ترقی اور عوام کا معیار زندگی بہتر بنانا ترجیحات میں شامل ہے،تیمور جھگڑا

کوہاٹ:خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا کہ صوبے کے جنوبی اضلاع قدرتی وسائل سے مالا مال ہیں اور صوبے کو معاشی طور پر مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کوہاٹ ڈویژن کو تیل اور گیس کی مد میں رائیلٹی کی بلاتعطل فراہمی اور بقایاجات کی ادائیگی کے لیے ان علاقوں کے منتخب نمائندوں کی مشاورت سے جامع حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار کوہاٹ ڈویژن کی آئل اینڈ گیس رائیلٹی کے حوالے سے کوہاٹ اور کرک کے ممبران اسمبلی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے سائنس وٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء اللہ خان بنگش، معاون خصوصی برائے مذہبی امور ملک ظہور شاکر، ایم پی ایز میاں نثار، میجر شہزاد اور فخراعظم بھی موجود تھے۔اجلاس میں محکمہ خزانہ کے حکام کی جانب سے بریفنگ دی گئی اور رائیلٹی سے متعلق محکمانہ امور پر پیشرفت سے آگاہ کیا گیا۔ کوہاٹ اور کرک سے منتخب ممبران صوبائی اسمبلی نے بھی اس معاملے پر اپنی تجاویز سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر کوہاٹ ڈویژن کو آئل اینڈ گیس کی رائیلٹی کی بلاتعطل فراہمی اور اس مد میں بقایاجات کی جلد ادائیگی کے لیے مل کرطریقہ کاربنانے پر غور کیا گیا جبکہ صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر زور دیا۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ جنوبی اضلاع قدرتی وسائل سے مالامال ہیں اور ان وسائل کو بہتر طریقے سے استعمال کرتے ہوئے وہاں کے عوام کا معیار زندگی بلند کیا جا سکتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی ضیاء بنگش نے کہا کہ آئل اینڈ گیس کی مد میں ملنے والی رائیلٹی ترقیاتی کاموں اور عوامی منصوبوں پر خرچ کی جاتی ہے جس سے علاقے کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رائیلٹی کی بلاتعطل فراہمی علاقے کی ترقی کے لیے ضروری ہے جس کے لیے منتخب نمائندے مل کر طریقہ کار طے کریں گے۔