وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس

پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء، مشیر، معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔اجلاس میں کابینہ نے گندم کی درآمد اور عوام کوسستے نرخوں پر آٹے کی فراہمی کیلئے تقریباً3ارب روپے کی سبسڈی دینے کی منظوری دیدی۔کابینہ نے وفاقی حکومت کے ذریعے فوری طور پر ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم درآمدکرنے کی کی منظوری دی اورمزید گندم کے درآمد کرنے سمیت ایسے اقدامات اٹھانے کی بھی منظوری دی گئی جن کی بدولت کسی قسم کی آٹے کی قلت نہیں ہوگی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈیڑھ لاکھ ٹن گندم درآمدکرنے پر مجموعی طور پر8.510بلین روپے لاگت آئے گی۔اسی طرح صوبائی حکومت گندم کی فلور ملوں کو باقاعدہ ترسیل اور قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام آپشنز کھلے رکھے گی۔صوبائی کابینہ نے ایک کمیٹی تشکیل دی جو ملکی و مقامی سطح پر بھی گندم کی خریداری کیلئے پرائیویٹ سیکٹرسے بات چیت کرے گی۔کمیٹی وزیر خوراک ، وزیر خزانہ، وزیر تعلیم اور سیکرٹری فوڈ پر مشتمل ہوگی۔