حکومت کیلاش ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کیلئے اقدامات کرے گی ، شوکت یوسفزئی

چترال : خیبرپختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ کیلاش ثقافت دنیا کی واحد اور منفرد ثقافت ہے جو صدیوں سے زندہ ہے اور اپنی اصل صورت میں بحال ہے ۔اس کو نہ صرف محفوظ بنایا جائے گا بلکہ حکومت کیلاش ثقافت کو دنیا بھر میں متعارف کرانے کے لئے اقدامات کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو چترال کی خوبصورت ترین ویلی بمبوریت اور رمبور میں کیلاش فیسٹول اوچاؤ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وزیراعلی کے مشیر جیل خانہ جات تاج محمد خان ترند، مشیر معدنیات عارف احمد زئی، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ، رکن صوبائی اسمبلی شرافت خان، تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد اور سابق رکن اسمبلی انور خان بھی موجود تھے۔شوکت یوسفزئی نے کہا کہ کیلاش کلچر سے پاکستان کا وقار بہتر ہو رہا ہے۔دنیا بھر سے ہر سال اس منفرد فسٹیول کو دیکھنے کے لیے لوگ آتے ہیں۔ ُانہوں نے کہا کہ دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل آزادی اور تحفظ حاصل ہے اور وزیراعظم عمران خان کا ویژن بھی ہے کہ ان علاقوں میں سیاحت کو ترقی دی جائے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے چترال کی سڑکوں کی بہتری اور بحالی کے لیے اربوں روپے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے جس سے نہ صرف یہاں کی ثقافت اور سیاحت کو ترقی ملے گی بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ اور دنیا بھر سے لوگ چترال کے حسن بالخصوص کیلاش ثقافت سے محظوظ ہونے کیلئے آسانی یہاں آسکیں گے۔