ہم نہ پہلے ہندوستانی تھے اور نہ کبھی ہونگے ، ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی

مردان: حریت رہنماء سید علی گیلانی کے پوتے اور معرو ف خاتون حریت رہنماء آسیہ اندرابی کے بھانجے ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے کہا ہے کہ کشمیری کب تک بھارت کا ظلم سہتے رہیں گے، کشمیر بھارت کا حصہ نہیں ہے، کشمیر آزاد ہو کر رہے گا۔ بھارت نے طویل عرصہ سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو لگا رکھا ہے،کشمیری بھارت کے غلط اور غیر قانونی اقدامات ماننے کیلئے تیار نہیں ہیں، دس لاکھ بھارتی فوج نے کشمیریوں کا محاصرہ کر رکھا ہے، عالمی برادری کو کشمیر کی اس صورتحال پر نوٹس لینا چاہئے،بھارتی غیر قانوی مقبوضہ کشمیر کے عوام نے اپنے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے طویل جدوجہد کی ہے اور قربانیاں دی ہیں، کشمیریوں اور بھارت میں مسلمانوں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹی ایم اے ہال مردان میں عبدالولی خان یونیورسٹی پاک سٹڈی ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی یوتھ اسمبلی خیبر پختونخوا کے زیر اہتمام5 اگست یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہو ئے کیا،پروگرام سے عبدالولی خان یونیورسٹی پاک سٹڈی ڈیپارٹمنٹ کے چئیر مین سید علی شاہ، مرکزی تنظیم تاجران مردان کے صدر احسان اللہ باچہ،سابق تحصیل ناظم مردان ابراہیم بلند،امن جرگہ خیبر پختونخوا کے صوبائی جنرل سیکرٹری ارشد منان،ڈسٹرکٹ بار مردان کے جنر ل سیکرٹری شفیق طورو، عمیر علی شاہ ،صوبائی یوتھ اسمبلی کے عابد اتوزئی، زیشان ہوتی اور صائمہ عمر نے بھی خطاب کی۔عبدالولی خان یونیورسٹی پاک سٹڈی ڈیپارٹمنٹ کے چئیر مین سید علی شاہ 5 اگست یوم استحصال کشمیر کے کامیاب پروگرام کے انعقاد پر آرگنائزر کمیٹی کو مبارکباد پیش کی اور مقبوضہ کشمیر سے آئے ہو ئے مہمان ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی کو خوش آمدید کہا۔