آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا پینٹاگون کا دورہ

و اشنگٹن : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پینٹاگون کا دورہ کیا، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل جوزف ڈین فورڈ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکہ میں پینٹاگون کا دورہ کیا۔ امریکہ کے چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف جنرل جوزف ڈین فورڈ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ پریس ریلیز کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکی عسکری حکام سے علاقائی اور افغان عمل سمیت خطے کی سیکورٹی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ آرمی چیف قمر جاوید باجوہ کی امریکی چف آرمی سٹاف جنرل مارک اے ملی سے ملاقات میں گفتگو ہوئی جس میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا گیا۔ جنرل مارک اے ملی اور جنرل قمر باجوہ کے درمیان ملاقات میں دو طرفہ عسکری تعاون اور سیکورٹی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی امریکی قائم مقام وزیر دفاع سے گفتگو میں سیکورٹی اور دو طرفہ عسکری تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی قومی ہیروز کی یادگار کا دورہ کیا اور ہیروز کو خراج عقیدت پیش کیا۔ تقریب کے دوران دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔