اسفندیارولی نے ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس 4 اگست بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کردیا

پشاو: عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے ملک بھر میں یوم شہدائے پولیس 04اگست بھرپور طریقے سے منانے کا اعلان کردیا۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی سربراہ اسفندیارولی خان نے تمام کارکنان کو ہدایات جاری کیں کہ اپنے علاقوں میں پولیس شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے تقاریب و ختم القرآن شریف کا اہتمام کریں۔اسفندیارولی خان نے کہا کہ پولیس ہمارا فخر ہے جنہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا۔1700سے زائد پولیس اہلکارو اور آفسران نے قربانیاں دے کر اس مٹی کی حفاظت کی اور دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینک دیا۔دہشتگردی کے خلاف اس جنگ میں ہم پولیس کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں اور ہزار سے زائد کارکنان کی قربانیاں اے این پی نے بھی دی ہیں۔ہم شہداء کے وارث اور امین جماعت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہادتوں سے ہمارے حوصلے مزید مضبوط ہوئے ، ملک میں دوبارہ دہشتگردی کو سر اٹھانے نہیں دیں گے۔ انہوں نے تمام پولیس شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے شہداء کو کبھی بھی فراموش نہیں کریں گے کیونکہ انہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے اس مٹی کو امن دیا اور اس امن کو کسی بھی صورت خراب نہیں ہونے دیں گے۔ اے این پی کے 34ویں یوم تاسیس پر تمام کارکنان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسفندیارولی خان نے کہا کہ ہر کارکن مبارکباد کا مستحق ہیں جنہوں نے بھرپور طریقے سے اس دن کو منایا اور تقاریب کا اہتمام کیا ۔