افغانستان ميں ہزاروں پاکستان مخالف عسکريت پسند موجودہیں، اقوام متحدہ

اقوام متحدہ:اقوام متحدہ کی ايک تازہ رپورٹ ميں انکشاف کيا گيا ہے کہ کالعدم شدت پسند تنظيم تحريک طالبان پاکستان کے ہزاروں جنگجو افغانستان ميں پناہ ليے ہوئے ہيں۔ يہ رپورٹ سفارتی سطح پر پاکستان کے ليے ايک مثبت پيش رفت ہے۔افغانستان ميں چھ سے ساڑھے چھ ہزار کے درميان پاکستان مخالف شدت پسند پناہ ليے ہوئے ہيں۔ يہ انکشاف اقوام متحدہ کی جانب سے جاری کردہ ايک تازہ رپورٹ ميں کيا گيا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ان شدت پسندوں کی اکثريت کا تعلق کالعدم تنظيم ‘تحريک طالبان پاکستان‘ سے ہے۔ رپورٹ ميں يہ بھی کہا گيا ہے کہ اس تنظيم کے افغانستان ميں ‘اسلامک اسٹيٹ‘ یا داعش کی مقامی شاخ کے ساتھ بھی روابط ہيں اور يہ پاکستان ميں سويلين اور عسکری اہداف پر حملوں ميں ملوث رہی ہے۔ فوری طور پر کابل حکومت کا اس رپورٹ پر کوئی رد عمل سامنے نہيں آيا۔يہ رپورٹ اقوام متحدہ کی اس ٹيم نے تيار کی ہے، جو عالمی ادارے کی طرف سے نافذ کردہ پابنديوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرتی ہے اور دنيا بھر ميں سرگرم دہشت گرد گروہوں کی نقل و حرکت کا بھی ريکارڈ رکھتی ہے۔ يہ رپورٹ اقوام متحدہ کی جانب سے اسی ہفتے جاری کی گئی۔ رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ ‘آئی ايس ان خراسان‘ کہلانے والی داعش کی مقامی شاخ سے وابستہ شدت پسندوں کو نہ صرف افغان سکيورٹی دستے بلکہ وہاں تعينات امريکی اور نيٹو دستے اور کبھی کبھار طالبان بھی نشانہ بناتے آئے ہيں۔پاکستانی سفیر برائے امریکا اسد خان نے کہا ہے کہ اگر دہلی حکومت کو لگتا ہے کہ اس کی شرکت افغان امن عمل کو تیز کر سکتی ہے، تو اسے خود طالبان سے بات چیت کرنا چاہیے۔اقوام متحدہ کی اس رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ افغانستان ميں سرگرم داعش کے ارکان کی تعداد تقريباً بائيس سو ہے۔ گو کہ اس تنظيم کی مقامی قيادت کو نشانہ بنايا جاتا رہا ہے مگر خيال کيا جاتا ہے کہ شامی شہری ابو سعد محمد الخراسانی اس کا سربراہ ہے۔ رپورٹ ميں مزيد بتايا گيا ہے کہ مانيٹرنگ ٹيم کو خفيہ اطلاع ملی کہ مشرق وسطیٰ سے ‘اسلامک اسٹيٹ‘ کے دو سينئر کمانڈر ابو قطيبہ اور ابو حجر العراقی حال ہی ميں افغانستان پہنچے تھے۔اقوام متحدہ نے خبردار کيا ہے کہ ‘اسلامک اسٹيٹ‘ افغانستان کے تمام حصوں ميں دہشت گردانہ حملے کرنے کی صلاحيت رکھتی ہے۔ يہ تنبيہ بھی کی گئی ہے کہ تنظيم کے ارکان افغان طالبان کے ان اراکين کی حمايت حاصل کرنے کی کوششوں ميں ہيں، جو حاليہ امريکا طالبان امن ڈيل کے خلاف ہيں۔