پولیس انٹی کارلفٹنگ سیل کی بڑی کاروائیاں، ایک ماہ کے دوران کروڑوں روپے مالیت کے نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد

مردان : پولیس انٹی کارلفٹنگ سیل کی بڑی کاروائیاں، گزشتہ ایک ماہ کے دوران مختلف صوبوں اور اضلاع سے کروڑوں روپے مالیت کے 28 سرقہ شدہ اور 03 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمدکرلیں۔تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ ڈاکٹر زاہدا للہ کی خصوصی احکامات پر انٹی کارلفٹنگ سیل مردان نے چوری شدہ گاڑیوں کے خلاف جاری مہم میں مزید تیزی لائی ہے۔ اس حوالے سے ڈی پی او نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹی کارلفٹنگ سیل نے گذشتہ ایک ماہ کے دوران جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی وہیکل ویریفیکیشن سسٹم کے ذریعے چوری شدہ گاڑیوں کےخلاف کامیاب کاروائیاں کی جسمیں ملک بھر کے مختلف صوبوں اور اضلاع سے سرقہ شدہ 28 اور 03 نان کسٹم پیڈ گاڑیاں برآمد کرلی گئی ہیں۔ جن میں سے 03 گاڑیوں پر قانونی تقاضے مکمل ہوکر بحکم عدالت مالکان کوواپس کردی گئی ہیں ۔ڈی پی او نے کہا کہ برآمد شدہ گاڑیوں کے متعلق صوبہ پنجاب، سندھ، اسلام آباد اور ملک کے دیگر اضلاع کے مختلف تھانوں میں چوری کے ایف آئی آر درج ہیں۔انٹی کار لفٹنگ سیل جرائم کی روک تھام، امن و امان کی بحالی اور دیگر انتظامی معاملات کے لئے (وہیکل ویریفیکشن سسٹم) جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو بروئے کار لا رہا ہے جسکے لئے ڈی پی او آفس میں علیحدہ کمپیوٹر سیل موجود ہے جس کے ذریعے چوری شدہ گاڑیوں کا ریکارڈ آسانی کے ساتھ چیک کیا جاسکتا ہے۔ اس نظام کے تحت چوری شدہ گاڑیوں کا ریکارڈ پولیس سٹیشنوں، پولیس پوسٹوں اور سنیپ چیکنگ پوائنٹس کو فراہم کردی گئی ہیں اورچیک پوسٹوں، ناکہ بندیوں پر تعینات پولیس عملہ گاڑیوں کی تصدیق آن لائن کرتا ہے۔ ڈی پی او نے مزید کہا کہ انٹی کارلفٹنگ سیل کمپیوٹرائزڈ ڈیٹا بیس میں مزید بہتری لائی جائےگی اور مردان ریجن کے تمام اضلاع سے سرقہ شدہ گاڑیوں کا ریکارڈ طلب کرکے پورے ریجن کی چوری شدہ گاڑیوں کابھی ڈیٹا بیس بنایا جا ئے گا۔