قبائلی اضلاع میں بچیوں کی معیاری تعلیم، خوراک اور صحت تک رسائی کیلئے پروجیکٹ کا آغاز

پشاور : کے پی ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اور یونائیٹڈ نیشن ورلڈ فوڈ پروگرام ایجوکیشن ٹیم کے درمیان قبا ئلی اضلاع میں بچیوں کی معیاری تعلیم، خوراک اور صحت تک رسائی کے لئے درکار سہولیات کی فراہمی سے متعلق پروجیکٹ کے حوالے سے یادداشت پر دستخط ہو گئے ہیں ، پروجیکٹ کے تحت ضم شدہ اضلاع میں خواتین کی خواندگی کی شرح بہتر بنانے کیلئے معیاری تعلیم، اصول صحت اور متوازن غذائی پروگرامز پر کام ہوگا، اس پروگرام کے تحت تمام سات( 7 ) نئے ضم شدہ اضلاع اور چھ(6) سب ڈویژنوں میں بچیوں کی معیاری تعلیم تک رسائی ممکن بنائی جائے گی،اس پروگرام کے تحت گریڈ 6-10 کے تمام سرکاری سکولوں کے بچیوں کو ماہانہ ایک ہزار روپے وظیفہ دیا جائے گا، اس پروجیکٹ کا مقصد زیادہ سے زیادہ بچیوں کو سکولوں میں داخل کرانا ہے، ایک سالہ پروجیکٹ کے تحت ضم شدہ اضلاع میں طالبات کی معیاری تعلیم، خوراک اور صحت تک رسائی ممکن ہو سکے گی، اس سلسلے میں منعقدہ تقریب میں یونائیٹڈ نیشن ورلڈ فوڈ پروگرام ایجوکیشن ٹیم کے کنٹری ڈائریکٹر کرس کیے، صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب خان، سپیشل سیکرٹری ابتدائی و ثانوی تعلیم ظریف المانی، ایڈیشنل سیکرٹری اعجاز الرحمن، چیف پلاننگ آفیسرحشمت علی اور ایڈیشنل ڈائریکٹر فرید خٹک نے شرکت کی۔