ضلع اورکزئی میں جانوروں کی مختلف بیماریوں کی اولین ٹیسٹنگ لیبارٹری کی افتتاح

پشاور: ضلع اورکزئی میں جانوروں کی مختلف بیماریوں کی اولین ٹیسٹنگ لیبارٹری اور ویکسین بینک کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز اپر اورکزئی کے شکر تنگی وٹرنری ہسپتال میں مشیر وزیر اعلی خیبر پختونخوا برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و فوکل پرسن قبائلی اضلاع سید غزن جمال کی صدارت میں منعقد ہوئی۔تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر خیبر پختونخوا ایف اے او اکرام اللہ، ڈسٹرکٹ ڈائریکٹر لائیو سٹاک اورکزئی ڈاکٹر خالدیونس اورڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ایف اے او ضلع اورکزئی عابد کے علاوہ مشران علاقہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید غزن جمال نے کہاکہ ضلع اورکزئی میں پہلی بار ایف اے او کے تعاون سے جانوروں کی بیماری کیلئے ٹیسٹنگ لیبارٹری اور ویکسین بینک کا افتتاح کردیاگیاجس سے ضلع اورکزئی میں پالتو جانوروں کی مختلف بیماریوں کے حوالے سے ٹیسٹ کی سہولت میسر ہوگی اور ویکسینیشن بینک کی وجہ سے اب ضلع اورکزئی میں ویکسین رکھنے کیلئے سہولت موجود ہوگی جوکہ ایکسپائر اور خراب نہیں ہوگی ۔پہلے ہمارے لئے انتہائی مشکل تھی کہ ہم کوہاٹ ،ہنگو اورپشاور سے ویکسین لاتے تھے جو اورکزئی پہنچتے پہنچتے خراب ہو جاتی تھی۔ اب ضلع اورکزئی کے اندر ہر ویکسین وا فر مقدار میں موجود ہوگی اور لیبارٹری کی سہولت کی وجہ سے اب ہم اپنے پالتو جانوروں کو ہنگواور کوہاٹ یادیگر علاقوں کو نہیں لے جاناپڑے گا۔ انہوں نے کہاکہ یہ سہولیات اورکزئی تحصیل اسماعیل ،تحصیل لوئر اورکزئی اور تحصیل اپر کو بھی بہت جلد میسر ہوگی ۔لائیو سٹاک دفتر ضلع اورکزئی میں اورکزئی مستحقین میں بھیڑوں کی تقسیم کے سلسلے میں منعقدہ ایک اورتقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیدغزن جمال نے کہاکہ حکومت کی طر ف سے دس سالہ پروگرام میں محکمہ لائیو سٹاک او ر ایگریکلچر کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مستحقین میں بھیڑیں اس لئے تقسیم کی جاتی ہیں کہ ان کی نسل کی افزائش کی جائے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جن لوگوں میں یہ بھیڑ تقسیم کئے گئے ان کو فروخت اور ذبح نہ کیا جائے ۔یہ روز گار کیلئے ہیں ۔چھ ماہ تک محکمہ لائیو سٹاک کی طرف سے ان بھیڑوں کو تمام خوراک بھی مہیا کی جائے گی ۔ان کی نسل کی افزائش ضروری ہے تاکہ غریب مستحقین اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع اورکزئی کے دیگر مستحقین میں بھی بہت جلد مزید بھیڑیں تقسیم کی جائیں گی ۔ سید غزن جمال نے وزیر اعلی خیبر پختونخوا،صوبائی وزیر لائیو سٹاک اور ڈائریکٹر ایف اے او کا شکریہ ادا کیا کہ وہ اس سلسلے میں بھر پور تعاون کررہے ہیں۔