پاک افغان کا امن ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے ، سکندرشیر پاو

پشاور: قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئر مین سکندر حیات خان شیر پائو نے پشاور میں متعین قونصل نجیب اللہ احمدزئی سے افغان قونصلیٹ پشاورمیں ملاقات کی۔اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور خطہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں رہنمائوں نے خطہ میں امن کے قیام پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان اور پاکستان برادر اسلامی ملک ہیں، دونوں ملکوں کے لوگ مذہبی،ثقافتی اور نسلی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کا امن بھی ایک دوسرے کے ساتھ جڑا ہوا ہے ۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان میں امن دونوں ممالک کیلئے لازم و ملزوم ہے،لہذا امن کے قیام کیلئے دونوں ملکوں کو مثبت اقدامات اٹھانے ہوں گے تاکہ خطہ میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ لوگوں کو آمد و رفت میں پیش آنے والی مشکلات کا بھی خاتمہ ہو سکے ۔سکندر شیرپائو نے بحیثیت قونصل تعیناتی پر نجیب اللہ احمد زئی کو مبارکباد دیتے ہوئے اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی سینئر وائس چیئرمین طارق احمد خان اور سیکرٹری ادب وثقافت ڈاکٹر محمدعالم یوسفزئی بھی موجود تھی.