کورونا وائرس: امریکہ میں یومیہ ہلاکتوں کی تعداد میں پھر سے اضافہ

واشنگٹن: امریکہ میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کی شدت میں پھر سے اضافہ ہونے لگا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران امریکہ میں جون کے آغاز سے اب تک کی سب بڑی یومیہ ہلاکتوں کی تعداد ریکارڈ کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافے کے حوالے سے گزشتہ کئی روز سے شدت دیکھنے میں آئی ہے جہاں یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 60 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی تھی تاہم اسی دوران حیران کن طور پر یہ بھی دیکھا گیا کہ ملک بھر میں ہونے والی یومیہ ہلاکتوں کی تعداد 1000 سے بھی نیچے چلی گئی۔خبر ایجنسی کے مطابق گزشتہ روز امریکہ میں کورونا کے باعث 1000 ہلاکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں جو کہ 10 جون سے لے کر اب تک کی ریکارڈ کی جانے والی یومیہ ہلاکتوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ خبر ایجنسی کے مطابق امریکہ میں کورونا کے باعث مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 1 لاکھ 42 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ کورونا سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق امریکہ میں اب تک کورونا وائرس سے 40 لاکھ 25 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جن میں سے 19 لاکھ کے قریب افراد اس مہلک وائرس کو شکست دینے میں بھی کامیاب ہوئے ہیں۔