کوہاٹ: میگا فراڈ کی وارداتوں کے مرتکب جعلی میجرگرفتار

کوہاٹ: میگا فراڈ کی وارداتوں کے مرتکب جعلی میجر کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے 6 قیمتی گاڑیاں،خود کار اسلحہ، سیکیورٹی فورسز کی وردی، ملٹری نشانات، ملکی و غیر ملکی جعلی کرنسی، بلیک ڈالر، درجنوں بنک چیک، متعدد شہریوں کے پاسپورٹ اور جعلی دستاویزات برآمد کرکے تحویل میں لئے گئے ہیں۔زیر حراست ماسٹر مائنڈ ملزم پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں لوگوں کو جعلسازی کے ذریعے لوٹنے کی لاتعداد وارداتوں میں ملوث ہے۔ملزم نے ابتدائی پوچھ گچھ میں نوسربازی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کرلیا ہے۔گرفتار نوسر باز کو مقامی عدالت کے سامنے پیش کرکے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا گیا ہے جن سے مزید بھی اہم انکشافات متوقع ہیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہاٹ جاوید اقبال کے دفتر سے جاری معلومات کے مطابق گزشتہ روز کوہاٹ کے پوش علاقہ کے ڈی اے کوتل ٹاؤن شپ سے خفیہ معلومات اور مسلسل نگرانی کے بعد ایک کامیاب کاروائی کے دوران حراست میں لئے گئے جعلی میجر عامر حسین ولد احسان علی سکنہ پاڑا چنار کی نشاندہی پر مقامی تھانے کے ایس ایچ او عبدالرؤف نے پولیس نفری کے ہمراہ کے ڈی اے میں واقع ملزم کے رہائشی مکان سمیت مختلف مقامات پر چھاپہ مار کاروائیوں کے نتیجے میں مبینہ نوسر باز کے زیر قبضہ 6عدد قیمتی موٹر کارگاڑیاں،1 ایس ایم جی گن،25کارتوس،2چارجرز،میجر کے رینک لگے پاک فوج کی وردی،ملٹری نشانات،20ہزار روپے سے زائدکی پاکستانی،عراقی،ایرانی اور بھارتی جعلی کرنسی،یو ایس اے کے بلیک ڈالر،12عدد مختلف بنکوں کے چیک،پاکستانی شہریت رکھنے والے افراد کے 5عدد پاسپورٹ اور ملزم کے نام کے جعلی سٹوڈنٹ کارڈ اور دیگر دستاویزات برآمد کرکے تحویل میں لئے ہیں۔کوہاٹ کے پوش علاقے کے ڈی اے کوتل ٹاؤن شپ میں ایک عرصے سے رہائش پزیر ملزم عامر حسین کا تعلق پاڑا چنار سے ہے جوراولپنڈی اسلام آباد،پشاور،سوات،کوہاٹ،ہنگو اور پاڑا چنار میں دھوکہ دہی کے ذریعے لوگوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔مبینہ ملزم رینٹ پر گاڑیاں حاصل کرکے ان گاڑیوں کو مختلف شہروں میں فروخت کرنے کی وارداتوں میں بھی ملوث ہے جبکہ شاطرملزم عوام کو دھوکہ دینے کیلئے پاک آرمی کی وردی پہن کر خود کو حساس ادارے کا میجر ظاہر کرتا تھا اور حساس ادارے کا جعلی کارڈ بھی بنارکھا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق مزکورہ شخص لوگوں کو بیرون ملک بھجوانے اور ملک کے سرکاری محکموں میں ملازمت دلوانے کا جھانسہ دیکر ان سے رقم بٹورتا تھا جبکہ موقع ملنے پر جعلی کرنسی کا استعمال بھی کرتا تھا۔پولیس نے عوامی شکایات کی تصدیق کے بعد مسلسل نگرانی کے نتیجے میں مبینہ نوسر باز عامر حسین کو حراست میں لیکر انکے خلاف تھانہ کے ڈی اے میں مقدمہ درج کرلیا ہے اور انہیں عدالت کے سامنے پیش کرکے انکا دو روزہ مزید جسمانی ریمانڈ حاصل کرکے تفتیشی ٹیم کے حوالے کردیا ہے جنکے خلاف تحقیقات کا دائرہ مزیدوسیع کردیا گیا ہے تاہم ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران زیر حراست ملزم نے دھوکہ دہی سے لوگوں کو لوٹنے کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہونے کا اعتراف جرم کرلیا ہے اور ان سے دوران تفتیش مزید سنسنی خیزانکشافات کی توقع کی جارہی ہے۔