شمالی وزیرستان پولیس کو 7 مزید نئی سنگل کیبن گاڑیاں حوالے

شمالی وزیرستان : آئی جی پی خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے قبائلی اضلاع کی پولیس کے ساتھ ایک اور وعدہ پورا کردیا۔ دیگر اضلاع کے ساتھ ساتھ شمالی وزیرستان کی پولیس کو بھی سات مذید نئی سنگل کیبن گاڑیاں حوالے کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے پولیس کی استعداد کار مزید بڑھانے کیلئے شمالی وزیرستان کی پولیس فورس کو سات سنگل کیبن گاڑیاں حوالے کردیں۔ ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے قبائلی اضلاع کی پولیس کو صوبے کے دیگر اضلاع کی پولیس کے برابر لانے کیلئے عملی اقدامات مزید تیز کردیے۔ شمالی وزیرستان میں پولیس کی پٹرولنگ موثر بنانے اور پولیس فورس کو وسائل کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اس سے قبل تین گاڑیاں فراہم کی گئی تھیں، سات نئی گاڑیوں کی آمد سے پولیس فورس کی کارکردگی میں مذید نکھار آئے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ آئی جی پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے 8 اور گاڑیاں شمالی وزیرستان کی پولیس کو فراہم کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے قبا ئلی اضلاع کی پولیس کے ساتھ وعدوں کی تکمیل کے سلسلے میں شمالی وزیرستان کی پولیس کو بہترین اسلحہ دینے، پولیس تھانے اور چیک پوسٹیں جلد تعمیر کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی ہے۔ نئی گاڑیوں کی فراہمی پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شمالی وزیرستان شفیع اللہ خان گنڈاپور اور پولیس فورس نے آئی جی پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ شمالی وزیرستان کی پولیس نے کم وسائل کے ساتھ وطن کے دفاع میں کوئی کسر نہیں چھوڑی اور وسائل کی فراہمی کے بعد ہماری استطاعت مزید بڑھے گی۔ شمالی وزیرستان کی پولیس نے یہ بھی عہد کیا ہے کہ عوام کی امنگوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی، علاقے میں امن و قیام کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی اور پاک فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے کا موقع نہیں دے گی۔