ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والے مخبر کو سزائے موت دیدی

ایران:ایران نے جنرل قاسم سلیمانی کی جاسوسی کرنے والے مخبر کو سزائے موت دے دی ہے۔ اس حوالے سے ایرانی میڈیا کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ موسوی ماجد امریکی سی آئی اے اور اسرائیلی انٹیلی جنس سے رابطے میں تھا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ موسوی ماجد نے سیکیورٹی حکام، مسلح افواج اور بالخصوص جنرل قاسم سلیمانی سے متعلق انٹیلی جنس معلومات سی آئی اے اور موساد کو فراہم کی تھیں۔ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی نے موسوی ماجد کی سزائے موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم کو عدالت انصاف نے سزا سنائی جس پر پیر کے روز عملدرآمد کیا گیا۔ غلام حسین اسماعیلی کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ موسوی ماجد نے عراق میں داعش کے خلاف جنگ لڑنے والے قدس فوج کے کمانڈر کے ٹھکانے کا راز افشا کیا تھا۔