ضلع اورکزئی میں دہشت گردی سے متاثرہ مرکزی جامعہ مسجد کی دوبارہ تعمیرکرنے کی اجازت

کوہاٹ: قبائلی ضلع اورکزئی کی ضلعی انتظامیہ نے قبائلیوں کے دیرینہ مطالبہ کو تسلیم کرتے ہوئے اپر تحصیل کے علاقے ڈبوری میں دہشت گردی سے متاثرہ مرکزی جامعہ مسجد کی دوبارہ تعمیرکرنے کی اجازت دے کر سنگ بنیاد رکھ دیا گیا ۔ اپر تحصیل کے علاقے ڈبوری میں واقع جامعہ مسجد کی عمارت کو تقریباً 14 سال قبل2006 میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران شہیدکرکے شدید نقصان پہنچاتھا۔اپرتحصیل کے علاقے ڈبوری میں واقع اس جامعہ مسجد کومرکزی حیثیت حاصل تھی ۔اپر اورکزئی کے دو بڑے قبیلوںملاخیل اور علی خیل کے ہزاروں متاثرین کا اس جامعہ مسجد کی بحالی اوردوبارہ تعمیرکا کافی عرصہ سے مطالبہ کررہے تھے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر اورکزئی ‘ کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس ‘ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ‘ سینیٹر‘ ممبر صوبائی اسمبلی‘ مقامی علمائے کرام‘ قبائلی عمائدین اور نوجوانوں کے بھرپور تعاون سے ڈبوری جامعہ مسجد کی دوبارہ تعمیر کی اجازت دی گئی۔اس ضمن میں گزشتہ روزجامعہ مسجد ڈبوری کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں ڈپٹی کمشنر اورکزئی واصل خان خٹک‘ کمانڈنٹ اورکزئی سکاؤٹس بریگیڈیئر ذاکر خان‘ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نثاراحمدخان‘ سینیٹر اورنگزیب خان‘ ایم پی اے اورکزئی سیدغازی غزن جمال اور مقامی افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پرمنعقدہ پروقار تقریب میں جامعہ مسجد کی دوبارہ تعمیر کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا اور مسجد کی سنگ بنیادرکھ دی گئی ۔ ادھر مسجد کی تعمیر کی اجازت دے کر افتتاح کرنے پر مقامی قبائلیوں نے اپنا دیرینہ مطالبہ حل کرنے پر حکومت اور مقامی انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کا بھر پور شکریہ اداکیا ہے۔