ضلع خیبر میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کاآغاز، 40لاکھ سے زائد پودے لگائے جائینگے

جمرود: ضلع خیبر میں بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کا آغاز ہوگیا،بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے تحت اس سال ضلع خیبر میں 1200ہیکٹر رقبہ پر شجرکاری کی جائیگی جس میں 40لاکھ سے زائد درخت لگانے کا ہدف ہے۔اس حوالے سے تحصیل جمرود کے پہاڑی علاقہ شاہ گئی میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں اقلیتی ایم پی اے ولسن وزیر، پی ایس وفاقی وزیرحمیداللہ، ڈی ایف او فضل الہی ودیگر نے شرکت کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی ایف او فضل الہی نے کہا کہ 2020-21کے دوران ضلع خیبر میں 1200ہیکٹر رقبہ پر شجرکاری کے علاوہ 150ہیکٹر رقبہ پر سیڈ سوئنگ،50کلومیٹر روڈ سائیڈ،20ہیکٹرریور ٹرننگ، 7.5ہیکٹر رقبہ پر ننگے جڑوں والے پودے اور 300ہیکٹر رقبہ پر ووڈ لاٹ لگائیں جائینگے۔ انھوں نے کہا کہ 37لاکھ پودے عوام میں مفت تقسیم کئے جائینگے، اس طرح کل 46لاکھ 32ہزار پودے لگائیں جائینگے۔فضل الہی کا مزید کہنا تھا کہ پودے لگانا صدقہ جاریہ ہے اور کسی بھی ملک کی ترقی میں جنگلات کو اہمیت حاصل ہوتی ہے جبکہ اسکے علاوہ بھی مختلف موسمی تبدیلیوں سے بچنے کے لئے ضروری ہے کہ ملک میں زیادہ سے زیاہ پودے لگائے جائے اور پہلے سے موجود جنگلات کی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔