علیشاہ قتل کیس میں ملوث ملزم فضل گجر کو سزائے موت کی سزا

پشاور:خیبرپختونخوا میں پہلی بار خواجہ سرا قتل یا تشدد کیس میں کسی ملزم کو سزا ہوئی ہے،پشاور کی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سعدیہ عندلیب نے جرم ثابت ہونے پر ملزم فضل گجر کو سزائے موت سنا دی جبکہ دوسے مزم رحمت اللہ کو بری کر دیا۔یاد رہے کہ علیشاہ کو 22 مئی 2016 کو تھانہ فقیر آباد کی حدود میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا تھا، 29 مئی کو پولیس نے اس کیس میں دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔علیشاہ کے قتل کا مقدمہ خواجہ سراؤں کی تنظیم ٹرانس ایکشن کی صدر فرزانہ جان کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا ۔واضح رہے کہ فائرنگ کے بعد علیشاہ کو زخمی حالت میں ایل آر ایچ منتقل کیا گیا تھا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دم توڑ گئی تھی تاہم خواجہ سراؤں نے الزام عائد کیا تھا کہ علیشاہ کی موت ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث ہوئی ہے۔خواجہ سراوں کے احتجاج کے بعد اس حوالے سے ایک کمیٹی بنائی گئی جس کی تحقیقات کی روشنی میں بعض ڈاکٹروں کو معطل بھی کیا گیا ۔