بھارت میں کورونا وائرس نے ہلچل مچادی ،32ہزار نئے مریض سامنے آگئے

نئی دہلی: بھارت میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ میں مسلسل تیزی آرہی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ نئے ریکارڈز بن رہے ہیں کورونا سے متاثرہ ملکوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود بھارت میں جمعرات کو ریکارڈ اموات، کیسز اور ٹیسٹ رپورٹ ہوئے ہیں. سرکاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 32 ہزار 695 نئے مریض سامنے آئے ہیں جو اب تک ایک دن میں رپورٹ ہونے والے کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے اس کے علاوہ ملک میں ایک دن میں ریکارڈ 606 اموات بھی ہوئی ہیں.کورونا وائرس کے مریضوں کی تلاش کے لیے کی جانے والی ٹیسٹنگ کے حوالے سے بھی بھارت میں نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے . بھارت کی وزارتِ صحت کا کہنا ہے کہ وہ عالمی ادارہ صحت کی ہدایت کے مطابق روزانہ ہر 10 لاکھ لوگوں میں سے 140 افراد کے ٹیسٹس کر رہے ہیں بھارت میں اب تک ایک کروڑ 27 لاکھ سے زائد ٹیسٹس کیے جا چکے ہیں‘امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق جمعرات کو ریکارڈ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد بھارت میں کووڈ 19 کا شکار افراد کی کل تعداد نو لاکھ 68 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے بھارت میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 24 ہزار 915 ہے.کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کو دیکھتے ہوئے بھارت کی مختلف ریاستوں کی حکومتیں دوبارہ لاک ڈاﺅن کر رہی ہیں۔مہاراشٹر، تامل ناڈو، مغربی بنگال، آسام اور گووا سمیت تقریباً درجن بھر ریاستوں نے کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں دوبارہ پابندیاں عائد کر دی ہیں۔