بنگلہ دیش : کورونا وائرس کی جعلی نیگٹو رپورٹس جاری کرنے والا اسپتال مالک گرفتار

ڈھاکا:بنگلہ دیش میں کورونا وائرس کی ہزاروں جعلی نیگٹو رپورٹس جاری کرنے والا اسپتال مالک گرفتار۔ مبینہ طور پر بغیر ٹیسٹ کیے ہزاروں نیگٹو رپورٹس دینے والا شخص برقعہ پہن کر بھارت بھاگ جانا چاہتا تھا جس دوران ریپڈ ایکشن بٹالین نے گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق لاکھوں بنگالیوں کی زندگیاں داؤ پر لگانے والے ایک اسپتال مالک کو بنگلہ دیشی سکیورٹی فورسز نے گرفتار کر لیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق 42 سالہ محمد شاہد نامی شخص اپنے 2 کلینکس میں کورونا کے مریضوں کو بغیر ٹیسٹ کے کلیئر قرار دیتا رہا۔ خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گرفتار ڈاکٹر کے کلینکس میں 10 ہزار 500 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 6 ہزار 300 رپورٹس بغیر ٹیسٹ کیے جاری کر دی گئیں۔بنگلہ دیش کے مقامی میڈیا کے مطابق ریپڈ ایکشن بٹالین کے ترجمان نے بتایا ہے کہ محمد شاہد بھارت فرار ہونا چاہ رہا تھا، اور اس نے راہ فرار اختیار کرتے وقت سکیورٹی فورسز کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے برقعہ بھی اوڑھ رکھا تھا، تاہم سکیورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران اس کے فرار کی کوشش کو ناکام بنا کر گرفتار کر لیا۔