صوبائی وزیر صحت تیمورجھگڑا کاڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لکی مروت کا دورہ

پشاور: صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم خان جھگڑا نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لکی مروت کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالحسیب اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے انہیں ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی سہولیات پر تفصیلی بریفنگ دی۔صوبائی وزیر نے کرونا آئسولیشن وارڈ سمیت ایمرجنسی یونٹ، او پی ڈیز اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور طبی سہولیات پر اطمینان کا اظہار کیا۔انہوں نے ہسپتال میں شعبہ انتہائی نگہداشت یونٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ د ے رہی ہے اور اس سلسلے میں تمام ضروری اقدامات لئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے دور دراز ہسپتالوں میں عوام کو بروقت اور بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ غریب عوام کے صحت کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل ہوں۔