بچوں کی ویکسینیشن کا عمل ہر حال میں بہتر بنانا ہے،تیمورجھگڑا

پشاور: ڈیرہ ڈویژن میں بنیادی نظام صحت کی بہتری پر کام شروع کر دیا ہے۔ بنیادی مراکز صحت پر طبی عملے اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ بچوں کی ویکسینیشن کا عمل پہلے کی طرح بطریق احسن سرانجام دیا جائے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ریپڈ رسپانس ٹیم متحرک ہے ۔ ضلع میں کورونا کیسز اور شرح اموات کم رہی جو کہ خوش آئند ہے۔ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے ڈیرہ اسماعیل خان کے دورے کے موقع پر کمشنر ڈیرہ کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ وزیر صحت و خزانہ اپنے جنوبی اضلاع کے پہلے دورے پر ڈیرہ اسماعیل خان پہنچے جہاں وہ مختلف بنیادی مراکز صحت اور میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹس اور ہسپتالوں کا دورہ کریں گے۔کمشنر ڈیرہ کے دفتر میں منعقدہ اجلاس میں ایم پی اے فیصل امین گنڈاپور، اکرام اللہ گنڈاپور، نو تعینات کمشنر ڈیرہ محمد یحییٰ اخوانزادہ، اسپیشل سیکریٹری صحت میاں عادل اقبال، ڈیرہ، ٹانک اور جنوبی وزیرستان کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں صحت سہولیات اور کورونا سے متعلق صورت حال پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ محمد عمیر نے بریفنگ دی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈی آئی خان میں کورونا کے لیے تشکیل دی گئی ریپڈ رسپانس ٹیم مکمل طور پر فعال ہے اور ضلع میں آدھے سے زیادہ کورونا تشخیصی ٹیسٹ بھی اسی ٹیم نے کیے ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لشمینیا اور ڈینگی کے حوالے سے بھی اضلاع نے تیاری کر رکھی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں کورونا کیسز کی تعداد اور شرح اموات بھی کم رہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ڈیرہ، ٹانک اور جنوبی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے اس وباء کے دوران اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا جو کہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اضلاع میں بنیادی نظام صحت کو بہتر بنا رہے ہیں جس کے تحت بنیادی مراکز صحت پر طبی عملے کی کمی کو دور اور وہاں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔تیمور جھگڑا نے کہا کہ بچوں کی ویکسینیشن کا عمل ہر حال میں بہتر بنانا ہے کیونکہ یہ ان کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ای پی آئی پروگرام اچھا ہونے پر محکمہ صحت افسران کو توصیفی اسناد اور ترقیا ں دی جائیے گی۔ دریں اثناء صوبائی وزیر بنیادی مراکز صحت اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ کوارٹر ہسپتال ڈیرہ اسماعیل بھی گئے اور وہاں صحت سہولیات کا جائزہ لیا۔