امریکی بحریہ کے جہاز میں آگ بھڑک اٹھی، 21 زخمی

کیلی فورنیا:کیلی فورنیا میں امریکی بحریہ کے ایک فوجی اڈے پر ایک امریکی طیارہ بردار جنگی جہاز میں اچانک شدید آگ بھڑک اٹھی۔ابتدائی اطلاعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ جہاز میں دھماکہ ہوا ہے اور اس میں دھماکے سے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ آگ پر قابو پانے کے لیے جہاز کا عملہ اور فائر بریگیڈ نے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ آتش زدگی کے بعد جہاز کے متاثرہ حصے کو خالی کرا لیا گیا تھا۔ آگ کے نتیجے میں 17 سیلرز اور 4 شہری زخمی ہو گئے۔مقامی میڈیا کے مطابق بحریہ کا جہاز ’سان ڈیاگو‘ کے بحری اڈے پر مرمت کے لیے لنگر انداز تھا جس پر 160 کے قریب سیلرز موجود تھے۔حکام کے مطابق زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا ہےجوکہ معمولی زخمی ہیں۔ دھماکے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔