جنوبی وزیر ستان ،پاک افغان بارڈر انگوراڈہ کھول دیا گیا

جنوبی وزیرستان: پاک افغان بارڈر انگوراڈہ گیٹ 4 ماہ کے بعد تجارت کیلئے کھول دیا گیا ہے۔ ہفتہ میں ایک دن مسافروں کیلئے، جبکہ ہفتہ کے 6 دن تجارتی سرگرمیوں کیلئے مختص کردئے گئے۔بارڈر کھولنے کا باقاعدہ اعلان بریگیڈئیر عبیداللہ انور نے کیا جبکہ ان کے ہمراہ 131 ونگ کے کرنل جنید محمود اور کور ایس ایم مقبول بھی موجود تھے۔بریگیڈئیر عبیداللہ انور نے پاک افغان بارڈر انگوراڈہ پر تعینات فورسز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کو رونا وباء جس نے پوری دنیا کو لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس کی وجہ سے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے پاک افغان بارڈر کو بند کیا گیا تھا، اس لئے فورسز کو چاہئے کہ کو رونا ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے اس کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔بارڈر پر تعینات کرنل جنید محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بارڈر کے اس پار سے آنیوالی گاڑیوں کو باقاعدہ چیکنگ کے مرحلے سے گذارتے ہوئے ان کو اسپرے کرنے کے بعد چھوڑا جاتا ہے، کو رونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھنے کیلئے معقول انتظامات کئے گئے ہیں،پاک افغان بارڈر 4 مہینے قبل کو رونا وباء کی وجہ سے احتیاطی تدابیر کو مدنظر رکھتے ہوئے بند کردیا گیا تھا، تاہم پاک افغان بارڈر کے کھولنے کے بعد بارڈر کے دونوں اطراف لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ لوگوں نے حکومت پاکستان، ایف سی، اور پاک آرمی کے اس قدم کو احسن قدم قرار دیا ہے۔