مقبوضہ کشمیر:برہان وانی کے یوم شہادت پر آج مکمل ہڑتال کی جائے گی

سرینگر : مقبوضہ کشمیر میں آج نوجوان کشمیری رہنما برہان مظفر وانی اور ان کے دو ساتھیوں کے چوتھے یوم شہادت پر مکمل ہڑتال کی جائے گی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہڑتال کی کال بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ بھارتی فوجیوں نے برہان وانی کو اپنے دوساتھیوں سرتاج احمد اور پرویز احمد کے ہمراہ 8 جولائی 2016 کو اسلام آباد کے علاقے کوکرناگ میں ماورائے عدالت قتل کیا تھا۔سید علی گیلانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں لوگوں سے کہا کہ وہ اس دن کو اپنے اپنے علاقوں میں ’’شہداء کے اہلخانہ کے ساتھ یوم یکجہتی ‘‘کے طور پر منائیں اور پورے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزار شہدا ء پر دعائیہ مجالس کا اہتمام کریں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھی برہان وانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے احتجاجی ہڑتال کی اپیل کی تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جائے کہ اپنے مادر وطن پر بھارت کے جبری قبضے کو مسترد کرنے میں جموں وکشمیر کے عوام متحد ہیں۔بلال احمد صدیقی ، فریدہ بہن جی ، محمد یوسف نقاش اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ سمیت دیگر حریت رہنماؤں نے بھی اپنے بیانات اور خطابات میں برہان مظفر وانی کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ سرینگر کے مختلف علاقوں میں چسپاں کئے گئے پوسٹروں میں لوگوں پر زوردیا گیا ہے کہ وہ آج اپنے اپنے علاقوں میں برہان وانی کی یاد میں تقریبات کا اہتمام کریں۔قابض حکام نے آج برہان وانی کے یوم شہادت پر بھارت مخالف مظاہروں کوروکنے کے لئے سرینگر ، بڈگام ، گاندربل ، اسلام آباد ، شوپیاں ، پلوامہ ، کولگام ، کپواڑہ ، بارہمولہ اور بانڈی پورہ کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر چھاپوں اور کریک ڈاؤن آپریشنوں کے دوران سیکڑوں نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔