پاکستان نے گلگت بلتستان پر بھارتی وزارت خارجہ کا بیان مستردکردیا

اسلام آباد:وزارت خارجہ نے گلگت بلتستان میں انتخابات سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ امور کے ترجمان کے بیانات کو مسترد کردیا ہے . دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات پر بھارت کی جانب سے تبصرہ بے بنیاد ہے انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز کے ذریعے جعلی انتخابات منعقد کرارہی ہے اور پورے خطے کو دنیا کی اوپن جیل میں تبدیل کردیا.دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان نے اعادہ کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کے کچھ حصوں پر غیرقانون طور پر قابض ہے خیال رہے کہ بھارتی وزارت خارجہ امور کے ترجمان انوراگ سریواستو نے کہا تھا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کے انعقاد کا فیصلہ اسلام آباد کی جانب سے بھارتی علاقوں پر غیر قانونی قبضے کی کوشش ہے. انہوں نے ایک آن لائن میڈیا بریفنگ کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تمام بھارتی علاقوں کو خالی کرے جو ان کے غیر قانونی قبضے میں ہیں اس حوالے سے دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار داد ہے جس پر مکمل عملدرآمد کے تحت جمہوری طریقے سے آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کرائی جائے جو کشمیریوں کا ناگزیر حق ہے.انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں انتخابات سے متعلق بھارتی حکام کے بے بنیاد الزامات کی آڑ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر پردہ نہیں ڈال سکتا ہے عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی قابض افواج نے سخت قوانین کے تحت جو استثنیٰ حاصل کیا ہے ، وہ ریاستی دہشت گردی کی ایک اور زندہ مثال ہے جو بھارت کی جانب سے غیر مسلح کشمیریوں کے خلاف برپا کی جارہی ہے.