لکی مروت، صوبائی اسمبلی کی انتخابات کے لئے سیکورٹی انتظامات مکمل

لکی مروت: پولیس نے 20جولائی کو ٹرائبل سب ڈویژنز کے ضم شدہ قبائلی حلقے پی کی115میں واقع بیٹنی ٹرائبل سب ڈویژن لکی مروت میں صوبائی اسمبلی کی نشست کے لئے ہونے والے انتخابات کے لئے سیکورٹی انتظامات مکمل کرلئے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے مذکورہ حلقے کے بیٹنی ٹرائبل سب ڈویژن لکی میں دس پولنگ سٹیشن قائم کئے ہیں جہاں مجموعی طور پر600سے زائد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار سیکورٹی فرائض انجام دیں گے۔پر امن انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کے لئے پولیس کو ایلیٹ فورس کے کمانڈوز اور لیویز و خاصہ دار فورس کے اہلکاروں کی معاونت بھی حاصل ہوگی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لکی مروت عبدالحئی خان کی سربراہی میں سیکورٹی پلان کا جائزہ لیا گیا اور انتظامات و تیاریوں کو حتمی شکل دی گئی ۔یہاں پولیس ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کے پر امن انعقاد اور سیکورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے پولیس اہلکاروں کی ہر قسم کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں جبکہ تمام پولنگ سٹیشنوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردیئے گئے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ زنانہ پولنگ سٹیشنوں پر لیڈی کانسٹیبلز تعینات کی جائیں گی نجبکہ فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کے لئے ایلیٹ فورس ، کوئیک ریسپانس فورس اور ریپڈ ریسپانس فورس کے دستے علاقے میں موجود رہیں گے ۔ ڈی پی او ماتحت پولیس افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ الیکشن کا شفاف انعقاد یقینی بنانے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں اور امن عامہ میں خلل ڈالنے اور پولنگ کے عمل میں رکاوٹیں کھڑی کرنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹیں۔