ڈونلڈٹرمپ آئین کے لیے خطرہ ہیں،سابق امریکی وزیردفاع

واشنگٹن: سابق امریکی وزیردفاع جیمز میٹس نے امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ کو سخت تنقید کا نشانہ بنانے پر صدر ٹرمپ نے انہیں ”پاگل کتا“قراردیدیا ہے جنرل جیمزمیٹس نے اپنے بیان میں سیاہ فام امریکی شہری جارج فلوئیڈ کی پولیس کے ہاتھوں ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کی حمایت کرتے ہوئے ٹرمپ کو ملکی آئین کے لیے خطرہ قرار دیا تھا.دی اٹلانٹک کے مطابق جیمز میٹس نے صدر ٹرمپ پر غیرمعمولی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ امریکی شہریوں کو ایک دوسرے کے مقابلے میں لانا چاہتے ہیں دو سال تک خاموش رہنے والے سابق امریکی وزیر دفاع نے خاموشی توڑتے ہوئے ایک تفصیلی اور غیرمعمولی مضمون میں امریکی قوم کو تقسیم کرنے پر صدر ٹرمپ کی مذمت کی ہے اور ان پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے فوج کو امریکی شہریوں کے آئینی حقوق کی خلاف ورزی کرنے کا حکم دیا ہے.انہوں نے اپنے مضمون میں لکھا کہ میں نے اس ہفتے کے واقعات دیکھے جو بہت اشتعال انگیز اور تکلیف دہ ہیں سپریم کورٹ کی عمارت کے باہرقانون کے مطابق سب کے لیے مساویانہ انصاف کے الفاظ کندہ ہیں اس وقت مظاہرین ٹھیک یہی اور درست مطالبہ کر رہے ہیں. انہوں نے لکھا کہ یہ اجتماعی اور متحد کرنے کا مطالبہ ہے ایک ایسا مطالبہ جس کے پیچھے ہم سب کو ہونا چاہیے ہمیں چند قانون شکن عناصر کی وجہ سے اپنی توجہ دوسری جانب مبذول نہیں کرنی لاکھوں باضمیر لوگ احتجاج کر رہے ہیں جن کا اصرار ہے کہ ہمیں اپنی اقدار پر کاربند رہیں یہ ایک قوم اور عوام کی حیثیت سے ہیں ہمیں عہدوں پر فائز ان لوگوں کو مسترد کرنا اور ان کا محاسبہ کرنا ہو گا جو ہمارے آئین کو مذاق بنا رہے ہیں.

جیمزمیٹس کے مضمون کے جواب میں امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ شاید ان کے اور سابق صدر باراک اوبامہ کے درمیان ایک بات مشترک ہے کہ دونوں کو جِم میٹس کو برطرف کرنے کا اعزاز حاصل ہے، جنہیں دنیا میں ایک جنرل کے طور سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے. انہوں نے لکھا کہ میں نے ان سے استعفیٰ طلب کیا اور ایسا کرنا مجھے بہت اچھا لگا ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جیمز میٹس”انتشار“کے نام سے جانے جاتے تھے جو مجھے پسند نہیں تھا اس لیے میں اسے تبدیل کرکے Mad Dog یعنی ”پاگل کتا“کر دیا ہے.