قبائلی اضلاع میں انتخابی دنگل کل لگے گا

پشاور: خیبر پختونخوا میں نئے ضم شدہ اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی 16نشستوں پرانتخابات کل بروزہفتہ منعقد ہونگے جس کیلئے الیکشن کمیشن نے تمام انتظامات مکمل کرلئے ہیںبیلٹ پیپر سمیت انتخابی مواد آج پرئیذائیڈننگ افسران کے حوالہ کرکے انہیں اپنے اپنے پولنگ اسٹیشنوں کو روانہ کردیا جائیگا۔پولنگ صبح 8بجے شروع ہوکر شام 5بجے تک بغیر کسی وقفہ کے جاری رہیگی۔ تاہم پولنگ اسٹیشن کے احاطہ میں موجود ووٹرز کو وقت ختم ہونے کے بعد بھی ووٹ ڈالننے کی اجازت ہوگی۔ کل285امیدوار میدان میں ہیں جن میں دوخواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔ خواتین امیدواروں میں اے این پی کی ٹکٹ پر پی کے 106خیبر سے ناہید اور جماعت اسلامی کی ٹکٹ پر پی کے 109کرم سے ملاثہ شامل ہیں۔تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے 16، جے یو آئی (س) کے 2، جے یو آئی (ف) کے 15، پی پی پی پی کے 13، اے این پی کے 14 پی ایس پی کے 2، پی ایم ایل (ن) کے 5جماعت اسلامی کے 13، کیو ڈبلیو پی کے 3 اور 202 امیدوار آزاد حیثیت میں انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ مجموعی طور پر 28لاکھ ایک ہزار837ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 16,71,308اور خواتین کی تعداد11,30,529 ہیں۔مجموعی طور پر 1897پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔ جن میں مرد ووٹرز کے لئے 482خواتین کے لئے 376جبکہ 1039مشترکہ پولنگ اسٹیشنوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اسی طرح کُل 5653پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ جن میں مرد ووٹرز کیلئے 3437اور خواتین کیلئے 2216بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ ان اتخابات کے انعقاد کے لئے 1897پرئذائڈنگ افسران ، 5653اسسٹنٹ پرئذائڈنگ افسران اور 5653پولنگ افسران تعینات کئے گئے ہیں۔554پولنگ اسٹیشنوں کو زیادہ حساس ،61 4کو حساس اور 882پولنگ اسٹیشنوں کو معمول کے مطابق قرار دیا گیا ہے۔ امن و امان کی صورتحال کو مد نظر رکھ کر تمام پرئذائیڈنگ افسران کو مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات سونپے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں پولنگ کے دن امن و امن کو برقرار رکھنے کے لئے پاک فوج کے دستوں کو باقاعدہ تعینات کیا گیا ہے۔ جو کسی بھی ایمرجنسی میں بروقت اور فوری کا ر روائی کریگی۔دریں اثناء اسی دن شکایات کی ازالہ کے لئے صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر میں شکایات سیل بھی قائم کیا گیا ہے جبکہ خواتین کے مسائل کیلئے صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر میں ڈائریکٹر جینڈر افئرز کی سربراہی میں خصوصی ڈیسک بھی قائم کیا گیا ہے۔ مزید برآں پولنگ اسٹیشن پر ووٹرز سمیت پولنگ عملہ ماسوائے پرئذائیڈنگ آفیسر کے موبائل فون کے استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ بلاخوف و خطر پولنگ اسٹیشن جاکر اپنا ووٹ ڈال کر اپنا قومی فریضہ ادا کریں۔