باراک اوبامہ کی امریکہ میں پرتشدد احتجاج کی شدید مذمت

واشنگٹن : سابق امریکی صدر باراک اوبامہ کی امریکہ میں پرتشدد مظاہروں کی شدید مذمت۔ مظاہرین کی اکثریت پر امن ہے لیکن ایک مٹھی بھر عناصر لوگوں اور اصلاحات کے لیے پرامن احتجاج کرنے والوں کے لیے خطرہ ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سابق امریکی صدر باراک اوباما نے ملک بھر میں ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں تشدد کے استعمال کی مذمت کی تاہم اصلاحات کے خواہاں پرامن مظاہرین کے اقدامات کی تعریف کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اوباما نے آن لائن میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھا کہ مظاہرین کی اکثریت پر امن ہے لیکن ایک مٹھی بھر عناصر لوگوں اور اصلاحات کے لیے پرامن احتجاج کرنے والوں کے لیے خطرہ ہیں۔

ریپبلکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے قبل دو بار امریکہ کے صدر رہنے والے ڈیموکریٹ رہ نما اوباما نے کہا کہ پرتشدد احتجاج بنیادی خدمات اور سرمایہ کاری کی کمی کا شکار شہروں کی مشکلات کو اور بھی بڑھا دیتا ہے اور اس کے نتیجے میں بڑی مسائل سے توجہ ہٹ جاتی ہے۔