کوروناوائرس کے منتقل ہونے کی اہلیت کے اعتبار سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی،عالمی ادارہ صحت

جنیوا :عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے کمزور پڑنے کے دعوے مسترد کر دیے۔ اطالوی ڈاکٹروں نے دعویٰ کیا تھا کہ کورونا وائرس اب پہلے جیسا جان لیوا نہیں رہا، کورونا کی دوسری لہر کا انتباہ اٹلی میں غیرضروری خوف پھیلانے کا باعث بن رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کی شدت میں کمی اور وائرس کے کمزور پڑ جانے سے متعلق تمام تر دعووں کو مسترد کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بات کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں کہ کورونا وائرس اب جان لیوا نہیں رہا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق عالمی ادارہ صحت کی وبائی امراض کی ماہر ماریا وین کیرکوف کا کہنا ہے کہ وائرس کے منتقل ہونے کی اہلیت کے اعتبار سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ان کا کہنا ہے کہ شدت کے لحاظ سے بھی اس میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی رونما نہیں ہوئی ہے۔