موٹروے پولیس کے شہداء محکمے کاقابل فخر سرمایہ اورپوری قوم کے ہیروز ہیں، شاہ اسد خان

مردان:شہداء پولیس ہمارا فخر ہیں اور انکے ورثاء ہماری فیملی کا حصہ ہیں شہداء پولیس کی قربانیاں نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے لئے مشعل راہ ہیں جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اپنے خون سے وطن عزیز کی آبیاری کی ہے،سیکٹر کمانڈر ایم ون شاہ اسد خان ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدا پولیس کے بچوں میں عیدی تقسیم کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہو ئے کیا۔سیکٹر کمانڈر ایم ون صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح ضلع مردان میں بھی شہداء پولیس کے دہلیز پر جاکر وہاں شہید کے بچوں کے ساتھ ملے اور ان پر عیدی تقسیم کیے۔اور ماہ صیام کی اس بابرکت مہینہ میں شہید کے درجات بلند کرنے کی دعا کرائی ۔سیکٹر کمانڈر نے کہا ہے کہ عوام کی جان ومال کے تحفظ میں جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے موٹروے پولیس کے شہداء محکمے کاقابل فخر سرمایہ اورپوری قوم کے ہیروز ہیں جن کے اہل خانہ کی بہتر ین ویلفیئر اور سرپرستی محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے،انہوں نے مزیدکہاکہ محکمے کے بہادر سپوتوں نے شہادت کے رتبے پر فائز ہوکر ادارے کی عزت و وقار میں اضافہ کیا ہے اس لئے خوشی و غم کے ہر موقع پر محکمہ اپنے ہیروز کو نہ صرف یاد رکھتا ہے بلکہ انکی لازوال قربانیوں کے شایان شان انہیں خراج تحسین پیش کرنے کی روایت کو بھی ہمیشہ برقرار رکھا جائے گا۔