خیبرپختونخوا میں عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار

پشاور:کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر خیبرپختونخوا حکومت نے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا اجمل وزیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے کہا کہ خیبر پختونخواحکومت حکومت نے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قررا دے دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک ہفتے تک ماسک نہ پہننے پرنرمی کے بعد کارروائی ہوگی۔اجمل وزیر نے کہا کہ ماہ رمضان کے دوران صوبے بھر میں لاک ڈاوَن سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا کے مطابق شام 4 بجے کے بعد ہر قسم کی دکانیں اور کاروبار بند ہوگا۔ میڈیکل اسٹورز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو وائرس سے تحفظ فراہم کرنے کیلئے فیصلہ کیا گیا ہے جو نافذ العمل ہوگا۔ لاک ڈاوَن سے مستثنیٰ کاروبار کا وقت صبح سے 4 بجے مقرر کیا گیا۔ مشیر اطلاعات کے مطابق یہ فیصلے وزیر اعلی خیبر پختونخوا کی زیر صدارت ٹاسک فورس کے اجلاس میں کئے گئے ہیں۔دوسری جانب صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کے مطابق ٹاسک فورس اجلاس میں عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو بھی لازمی قرار دینے کی منظوری دی گئی ہے۔ان کے مطابق ایک ہفتے تک حکومت کی طرف سے ماسک پہننے میں نرمی کی جائے گی لیکن ایک ہفتے بعد فیصلے پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا ہے کہ جن ممالک میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے وہاں وائرس کا پھیلاؤ کم ہے۔