جنوبی وزیرستان میں احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت نقد ما لی امداد کی فراہمی شروع ہوگئی ہے

پشاور:جنوبی وزیرستان کی ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے نافذالعمل لاک ڈاؤن کی موجودہ صورتحال میں معاشی مشکلات سے دوچار غریب اور مستحق خاندانوں میں حکومت پاکستان کے ا حساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 12 ہزار روپے فی خاندان نقد ما لی امداد کا اجراء شروع کر دیا ہے۔ما لی امداد احساس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ شدہ مستحق خاندانوں کو دی جارہی ہے جنھیں امداد وصول کرنے کے لئے ان کے موبائل فون پر پیغام بھیجے جارہے ہیں۔انتظامیہ کے مطابق جنوبی وزیر ستان کے تینوں سب ڈویژنز میں ایف سی کی تعاون سے9 مراکز قائم کئے گئے ہیں اور ان مراکز میں کرونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لئے تمام اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ابتدائی مر حلے پہلے سے رجسٹرڈ4200 مستحق خاندانوں کو با ئیو میٹرک تصدیق کے بعد 12 ہزار روپے کی امدادی رقم دی جارہی ہے جبکہ دوسرے مر حلے کے لئے22 ہزار خاندانوں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے سروے کے لئے36 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں،واضح رہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی حکومت کی جانب سے قبائلی اضلاع میں ضرورت مند اور نادار افراد کو براہ راست مالی امداد کی فراہمی کے سب سے بڑے پروگرام با ضابطہ اجرا کیا گیا۔انتظامیہ کے مطابق نامزد مراکز پر کورو نا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل کرایا جارہا ہے اور لوگوں کو ایک دوسرے سے فاصلہ رکھ کر رقو م وصو لی کاعمل مکمل کرا نے کے لئے انتظامات کیے گئے جن میں ماسک اور با ئیو میٹرک کے لیے سنیٹائزر کا استعمال بھی ضروری قرار دیا گیاہے۔