سارک ویڈیو کانفرنس،پاکستان نے بھارتی وزارت خارجہ کی سازش کو مسترد کردیا

اسلام آباد : پاکستان نے بھارت کی جانب سے 15 مارچ کو سارک رکن ممالک کے کوڈ۔19 ویڈیو کانفرنس میں وزیر مملکت برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے ریمارکس کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے اس انسانی معاملے کو سیاسی رنگ دینا انتہائی گمراہ کن اور شرانگیز ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ وزیر مملکت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ویڈیو کانفرنس میں کرونا وائرس کے تناظر میں مقبوضہ کشمیر میں ہیلتھ ایمرجنسی کی طرف توجہ دلائی تھی اور مواصلات پر عائد پابندی ہٹانے اور طبی سہولتوں کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔ترجمان نے کہا کہ صرف پاکستان نہیں ،درحقیقت مقبوضہ کشمیر،بھارت کے اندر اور تمام۔ دنیا سے اس طرح کی آ وازیں اٹھ رہی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ سارک ویڈیو کانفرنس میں شرکت کا مقصد سارک رکن ممالک کیساتھ اظہار یکجہتی اور سارک پروسیس کے ساتھ اپنی وابستگیو ں کا اعادہ کرنا تھا۔ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیا کے عوام اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ کونسا ملک سارک پروسیس کو ,سیاسی رنگ، دینا اور اس میں رکاوٹ بننا چاہتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان اس بات پر یقین رکھتا ہے کہ جنوبی ایشیا ئی ممالک کی مشترکہ چیلنجوں سے جنگ کیان اجتماعی کوششوں کو کسی ایک ملک کی ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھنے کی اجازت نہیں دینا چاہیے۔