چین نے کورونا وباء کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کئے ہیں،ڈاکٹرعارف علوی

بیجنگ:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے چین کے وزیر اعظم لی کی چیانگ سے ملاقات میں کورونا وباء کے خلاف چین کے ساتھ مکمل یکجہتی اور پاکستان کی جانب سے حمایت کا اظہار کیا ہے۔ دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات بیجنگ کے گریٹ ہال میں ہوئی۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور چین ہر آزمائش پر پورا اترنے والے دوست اور آہنی برادرز ہیں جو ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور مفید تعاون پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین نے دنیا کو بتایا ہے کہ وہ بقائے باہمی اور عدم مداخلت پر یقین رکھتے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مشکل وقت میں چین کا ساتھ دیا ہے اور کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے چیلنج میں بھی اس کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین نے کورونا وباء کی روک تھام کے لئے مؤثر اقدامات کئے ہیں۔ اس موقع پر چینی وزیر اعظم نے صدر مملکت اور ان کے وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی وباء پر وزیر اعظم عمران خان اور پاکستان کی حکومت نے چین کے لئے اظہار ہمدردی کے پیغامات بھیجے اور وباء پھوٹنے کے فوری بعد پاکستان نے چین کو طبی امداد فراہم کی۔ ہم چین میں پاکستان کے خیر سگالی کے جذبے پر شکر گزار ہیں۔ چینی وزیر اعظم نے کہا کہ چین سمجھتا ہے کہ پاکستان میں بھی اب کورونا وائرس کے کچھ کیسز ظاہر ہوئے ہیں جن کے پیش نظر حکومت پاکستان اقدامات کر رہی ہے۔ ہمیں ایسے چیلنجز سے مشترکہ طور پر نمٹنے کے لئے اپنے تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے، ہم اس حوالے سے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانیت کو درپیش اس چیلنج کے پیش نظر بین الاقوامی تعاون بہت اہم ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی واصلاحات اسد عمر، چین کے وزیر خارجہ، چین میں پاکستانی سفیر اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔