کورونا وائرس کا خدشہ،چمن بارڈر سات دن کیلئے بندکرنے کا فیصلہ

کوئٹہ:پاکستان نے افغانستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ کیسز سامنے آنے پر چمن بارڈر 7 روز کے لیے بند کردیا ہے. چمن بارڈر کے علاوہ ایران میں کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے پیش نظر تفتان بارڈر پہلے ہی بند کردیا گیا تھا اس کے علاوہ دونوں ممالک کے ساتھ موجود دیگر کراسنگ پوائنٹ بھی بند کردیے گئے ہیں .ایک سینیئر سیکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک ہفتے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اس دوران کسی کو بھی سرحد پار کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور افغان حکومت کو بھی فیصلے سے آگاہ کردیا گیا تھا سرحد بند کرنے کا فیصلہ وزارت داخلہ نے افغانستان میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد کیا.وزارت داخلہ کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا کہ متعلقہ حکام نے ابتدائی طور پر7 روز کے لیے آج 2 مار چ سے پاک افغان سرحد بند کرنے کا فیصلہ ہے تا کہ سرحد کے دونوں اطراف کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکا جاسکے جو دونوں برادر ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں ہیں، اس عرصے کے دوران دونوں ممالک کے عوام کی صحت محفوظ بنانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے.