بھارتی ریاستی دہشت گردی اب نئی دہلی منتقل ہو چکی ہے،ڈاکٹرعائشہ فاروقی

اسلام آباد : پاکستان نے امریکہ کی جانب سے بھارت کو مہلک ہتھیاروں کی فروخت سے متعلق معاہدے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ بھارتی دفاعی معاہدہ سے خطہ مزید عدم استحکام کا شکار ہو گا۔پاکستان کرونا وائرس کی روک تھام سے متعلق ایرانی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے،ہم ایران کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان کرونا وائرس اورصورتحال پر قابو پانے کے سلسلے میں ایرانی حکومت کیساتھ قریبی رابطوں میں ہے۔پاکستان وائرس کی روک تھام کی غرض سے ایرانی حکومت کی کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ایران میں ہمارا سفارتخانہ اور دو قونصلیٹ صورتحال کا قریبی جائزہ لے رہے ہیں اور وہاں پاکستانی زائرین اور طلباءسے رابطوں کیلئے کوشاں ہیں۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے بھارت اور امریکہ کے مابین دفاعی معاہدے اور دہلی میں حالیہ فسادات پرتشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ بھارت کو مہلک ہتھیاروں کی فروخت سے خطہ مزید عدم استحکام سے دو چار ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت اور عالمی برادری نے دہلی میں مسلمانوں پر تشدد اور مساجد کی بیحرمتی کے واقعات پر گہرے تحفظات کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی اب نئی دہلی منتقل ہو چکی ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر صدر ٹرمپ کی کشمیر پر ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ صدر ٹرمپ نے نئی دہلی میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان امریکہ اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کا خیرمقدم کرتا ہے،توقع ہے کہ اس سے انٹرا افغان ڈائیلاگ کیلئے راستہ ہموار ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ امن معاہدے کی تقریب قطر میں منعقد ہو رہی ہے اور پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اس تقریب میں شریک ہونگے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں مصالحتی اور امن عمل میں سہولت کاری میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ پاکستان کا دورہ کرینگے ،دونوں ممالک دورے کے شیڈول پر کام کر رہے ہیں۔