بھارت نے خطے میں امن کی تمام کوششوں کو ضائع کیا ہے،ڈاکٹرعارف علوی

اسلام آباد :صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت میں سکھوں، عیسائیوں اور مسلمانوں کی زند گیاں اجیرن کر دی گئی ہیں، آر ایس ایس کے نفرت انگیز فلسفے نے گاندھی کو بھی قتل کیا، کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن مسئلہ کشمیر پر کبھی کوئی سمجھو تہ نہیں کرے گا، پاکستان کی مسلح افواج نے دو بھارتی طیارے گرا کر بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے یہاں جمعرات کو “شدت پسند بھارت اور ذمہ دار پاکستان” کے موضوع پر سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کیا کہ چھوٹا ملک ہونے کے باوجود ہماری دفاعی صلاحیت کئی گنا بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سری لنکا، نیپال اور دوسرے چھوٹے ہمسایہ ملکوں کے اندرونی معاملات میں بھی مداخلت کر رہا ہے۔ انہوں نے بھارت کی حالیہ اندرونی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال خوشنونت سنگھ کی 2003ء میں شائع ہونے والے کتاب “بھارت کا خاتمہ” میں بتائی گی صورتحال سے مماثلت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں بھارت کی اندرونی صورتحال سے بخوبی آگاہ ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں اقلیتوں کے حقوق کا علمبردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتیں دبائو کا شکار ہیں۔ بھارت کی اندرونی صورتحال پر دکھ ہوتا ہے۔ بھارت نے خطے میں امن کی تمام کوششوں کو ضائع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 سال سے بھارت نے سارک سربراہ اجلاس میں شرکت نہیں کی۔ بھارت میں اقلیتوں کو ان کے حقوق حاصل نہیں۔ مسلمانوں کی آبادی کے تناسب سے پارلیمان میں ان کی نمائندگی بہت کم ہے۔ وہ اپنے حقوق کا تحفظ نہیں کر سکتے۔بعد ازاں صدر مملکت نے مصر کے کمانڈر ان چیف اور وزیر دفاع جنرل محمد احمد ذکی سےملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاع کی شعبے میں مضبوط تعلقات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی پیداوار کے سلسلے میں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف کامیاب جنگ لڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔