پاکستا نی افواج نے27فروری کو بھارتی جارحیت کا جس طرح جواب دیا دنیا یاد رکھے گی،عمران خان

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا پاکستان کی مسلح افواج نے جس طرح جواب دیا اسے دنیا یاد رکھے گی، بھارت آر ایس ایس کے نفرت اور فسطائیت پر مبنی ہندوتوا نازی نسل پرستانہ نظریہ پر عمل پیرا ہے، بھارتی اقدامات سے جنوبی ایشیاءکا امن خطرے میں پڑ گیا ہے، 5 اگست 2019ءکو بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور شملہ معاہدہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آرٹیکل -A 370 کے خاتمہ کا یکطرفہ اقدام کیا، مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ لوگ 9 لاکھ بھارتی افواج کے ہاتھوں یرغمال ہیں، مودی حکومت 20 کروڑ مسلمانوں کو نشانہ بنا رہی ہے، نئی دہلی کے فسادات خون خرابہ کا آغاز ہیں، یہ وقت ہے کہ دنیا بھارتی اقدامات کا نوٹس لے، امریکی صدر نے بھارتی سرزمین پر پاکستان کے موقف کی تائید کی، پاکستان کی مسلح افواج نے دہشت گردی کا کامیابی سے خاتمہ کیا ہے، دنیا کی سپر پاور افغانستان میں یہ جنگ نہیں جیت سکی، ملک پر مشکل وقت نکل گیا ہے، پاکستان قائداعظم کے خواب کے مطابق عظیم ملک بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےبھارتی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مجاہد انور خان، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ، غیر ملکی سفراءو دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ گزشتہ سال کے واقعہ پر پاکستانی قوم نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور مسلح افواج نے جس طریقہ سے اس کا جواب دیا اس پر فخر ہے، پلوامہ حملہ کے بعد اندازہ تھا کہ بھارت جارحیت کرے گا، اس سلسلہ میں ہمارے پاس انٹیلی جنس رپورٹس بھی تھیں، پاکستان بھارتی جارحیت کا مقابلہ کرنے کےلئے مکمل تیار تھا، صبح تین بجے ایئر چیف نے بھارتی جارحیت کی خبر دی، افراتفری میں جواب دینے کے بجائے تحمل کا مظاہرہ کیا اور پاکستان کا جواب ایک ذمہ دارانہ تھا جس طرح پاک فوج اور پاک فضائیہ تیار تھیں پاک بحریہ نے بھارت کی سب میرین کو لاک کیا، بھارتی جارحیت کا جس طرح جواب دیا دنیا یاد رکھے گی، بھارتی جارحیت پر تمام سیاسی جماعتوں کا موقف ایک تھا اور اسمبلی میں اختلافات کے باوجود تمام سیاسی جماعتوں نے ایک یکساں موقف اختیار کیا، بھارتی پائلٹ واپس کرنا ایک ذمہ دار قوم ہونے کی نشانی تھی لیکن بھارت میں انتخابی مہم پاکستان مخالف پروپیگنڈا پر چلائی گئی، کسی بھی قوم کی پہچان بحران کے وقت ہوتی ہے کہ وہ کس طرح اس سے نبرد آزما ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت مشکل میں پھنس گیا ہے اور وہ خطرناک راستے پر چل رہا ہے، بھارتی اقدامات کا سب سے زیادہ نقصان خود بھارت کو ہو گا، بھارتی حکومت نے نسل پرستی اور فسطائیت پر مبنی آر ایس ایس کا نظریہ اختیار کیا ہوا ہے اور جو بھی قوم اس نظریہ پر عمل پیرا ہوئی اس کے بعد خون خرابہ ہی ہوتا ہے کیونکہ جب بھی کوئی نسلی یا مذہبی طور پر اپنے آپ کو بالاتر اور دوسروں کو کم تر سمجھتا ہے تو اس طرح کی صورتحال پیدا ہوتی ہے۔