مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، ڈاکٹرعارف علوی

اسلام آباد : صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام گزشتہ 70 سال سے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، بھارت نے غیر قانونی اور ظالمانہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پر جابرانہ تسلط قائم کر رکھا ہے، پاکستان کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، بھارت انتہا پسندانہ ہندوتوا سوچ کے نرغے میں ہے اور آگ سے کھیل رہا ہے، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا حق خودارادیت دلانے اور بھارت کے اندر مسلمانوں کے خلاف امتیازی سلوک بند کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سیمینار سے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے بھی خطاب کیا۔ وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ ، غیر ملکی سفارتکاروں اور دیگر نمایاں شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ صدر مملکت نے یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے سیمینار کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور عالمی برادری کو بھارتی مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 70 سال سے جاری ظلم و استبداد کے بارے میں آگاہی دینے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اور اس مقصد کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں، انہیں ان کے اس حق سے محروم رکھنے کیلئے بھارت نے مظالم کی انتہا کر دی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بے رحمانہ انداز میں پیلٹ گنز کا استعمال کیا گیا ہے، آج ہمارے یہاں جمع ہونے کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حوالے سے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنا ہے۔